05 اکتوبر ، 2012
کولمبو… ویسٹ انڈیز آسٹریلیا کو 74 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹی 20 کے فائنل پہنچ گیا، 206 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں کینگروز 131 رنز پر ڈھیر ہوگئے، روی رامپال نے 3 وکٹیں لیں۔ کولمبو کے پریماداسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے 205 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم میدان میں اتری تو صرف 2 رنز پر ڈیوڈ وارنر پویلین لوٹ گئے، ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین آل راوٴنڈر شین واٹسن کا بیٹ بھی کالی آندھی کے سامنے نہ چلا اور وہ 7رنز بنا سکے، دونوں کو سموئل بدری نے واپسی کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد تو جیسے آسٹریلوی کھلاڑیوں نے آنے اور جانے کا مقابلہ ہی شروع کردیا، مائیک ہسی 18 رنز پر مارلن سموئلز کو ان ہی کی گیند پر کیچ تھماکر چلتے بنے، کیمرون وائٹ 5 رنز بنا کر ٹیم کو داغ مفارقت دے گئے، اپنے بہترین کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد کپتان جارج بیلی وکٹ پر آئے اور جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 63 رنز بنا ڈالے مگر یہ ٹیم کی فتح کیلئے کافی نہ تھے، انہوں نے 4 چھکے اور 6 چوکے لگائے اور آندرے رسل کو کیرن پولارڈ کی گیند پر کیچ تھما کر چلے گئے، جارح مزاج ڈیوڈ ہسی بغیر کوئی رن بنائے روی رام پال کے ہاتھوں ان ہی کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے تو کینگروز کی فتح کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں، وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو ویڈ1، پیٹ کمنز13، مچل اسٹارک2، بریڈ ہوگ 7 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے ، زیویئر ڈوہرٹی 9 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ ویسٹ انڈین بولر روی رامپال نے صرف 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں، سموئل بدری ، سنیل نارائن اور کیرن پولارڈ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو واپسی کی راہ دکھائی، مارلن سموئلز نے ایک وکٹ لی۔ ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اتوار کو فائنل میں ویسٹ انڈیز کا مقابلہ میزبان سری لنکا سے ہوگا۔