21 مئی ، 2021
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کے باوجود رواں مالی سال جی ڈی پی کا 3.94 فیصد رہنا بہت خوش آئند ہے۔
اپنے بیان میں اسد عمر کا کہنا تھاکہ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے جی ڈی پی گروتھ کو حتمی شکل دے دی، رواں مالی سال کے دوران جی ڈی پی 3.94 فیصد رہی، کورونا کے باوجود جی ڈی پی گروتھ بہت اچھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جی ڈی پی گروتھ عمران خان کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کا کہنا ہےکہ قومی اکاؤنٹس کمیٹی کے مطابق رواں مالی سال جی ڈی پی کی گروتھ چار فیصد کے برابر ہے ، یہ ماضی کے مقابلے میں قابل ذکر ریکوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ ذخائر میں بھی اضافہ ہوا اور کرنٹ اکاؤنٹ بھی سرپلس میں ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق رواں مالی سال فی کس آمدن 2لاکھ 46ہزار414 روپے ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 14.6 فیصد زائد ہے۔