22 مئی ، 2021
ملتان، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، گوجرانوالا سمیت پنجاب بھر میں آندھی اور بارش سے کئی سائن بورڈ گرگئے اور درخت اکھڑ گئے، خوشاب میں تیز ہواؤں سے شوروم کا شیڈ کاروں پر گرگیا، حیدرآباد ، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالٰہ یار، ٹھٹھہ، میرپورخاص، سانگھڑ، بدین میں بھی آندھی اور بارش کے باعث بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ملتان شہرمیں آندھی اورگردآلودہوائیں چلنے سےدیکھتے ہی دیکھتے ہرطرف دھول اڑناشروع ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مٹی کےطوفان میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلتی رہیں، کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش کے بعدشہر میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر رہی۔
فیصل آبادمیں آندھی اورگردآلود ہوائیں چلتی رہیں، سرگودھا میں بھی آندھی کے باعث گھروں کی چھتوں پر موجود پانی کی ٹنکیاں اڑ گئیں، سائن بورڈ اور درخت بھی اکھڑ گئے۔
ادھر خوشاب میں شوروم میں وزنی شیڈ کاروں پر گرپڑا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، جہانیاں، چنیوٹ ،میانوالی، بھکر، میاں چنوں ،چیچہ وطنی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
سندھ کے شہر حیدرآباد میں بھی تیز آندھی کے ساتھ مختلف مقامات پر ہلکی بارش ہوئی، سائن بورڈ اور درخت بھی اکھڑ گئے۔
ٹنڈوالٰہ یار میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں ،ٹھٹھہ ،سجاول ، ٹنڈومحمدخان سمیت سندھ کے بیشتر علاقو ں میں بھی تیز گردآلود ہوائیں چلیں اور ہلکی بارش ہوئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان ،کوہاٹ ،ناران میں بھی بارش کا سلسلہ وقے وقفے سے جاری ہے، موسم کی تبدیلی سے ملک بھر میں گرمی کازورٹوٹ گیا ہے۔