22 مئی ، 2021
نہ آندھی چلی، نہ بارش برسی ، نہ گرمی کی غیر معمولی لہر آئی ، پھر بھی کراچی میں بجلی کا نظام دھوکا دے گیا۔
بھری دوپہر میں ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی اورنگی، نارتھ ناظم آباد اور لیاری سمیت متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔
صدر اور ایم اے جناح روڈ پر کئی تجارتی مراکز کی بجلی بھی غائب ہوگئی۔
کے الیکٹرک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بجلی کی بندش 220 کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے ہوئی۔
پاور ڈویژن کے مطابق اب ٹرانسمیشن لائن بحال کی جاچکی ہے۔ کراچی کو بجلی کی فراہمی میں تعطل اس وقت آیا جب این کے ون اور ٹو ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ ہوگئیں، این کے ون اور ٹو میں ٹریپنگ کی وجہ سے کے الیکٹرک کی 220 کے وی ہائی ٹنشن لائن بھی ٹرپ کر گئی۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کئی علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے اور جلد ہی بجلی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔