07 اکتوبر ، 2012
ڈیرہ اسماعیل خان… ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کا امن مارچ چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ہتھالا کیمپ سے جنوبی وزیرستان کے لیے روانہ ہو گیا۔ ہتھالہ کیمپ میں رات بھر قیام کے بعد امن مارچ کے شرکا درجنوں گاڑیوں اور ہزاروں افراد پر قافلے کی صورت میں جنوبی وزیرستان کیلئے روانہ ہوئے۔ روانگی سے قبل اپنے مختصر خطاب میں چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی سے لڑائی نہیں لڑنی،ہم کو ئی حادثہ نہیں چاہتے، کوٹکئی جانا چاہتے ہیں لیکن انتظامیہ سے لڑنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے امن مارچ کے شرکاء خاص طور پر بلوچستان سے آنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ بات جو حکومت نہیں پہنچا سکی ہم نے پہنچادی، ساری دنیا نے ڈرون حملوں کے خلاف بیان دیے۔ انہوں نے کہا کہ امن مارچ در اصل کامیاب ہو چکا، ہم نے ڈرون متاثرین کی آواز ساری دنیا میں بلند کر دی۔