Time 07 جون ، 2021
پاکستان

’حادثے کا شکار ٹرین میں باراتی بھی سوار تھے‘

ویڈیو اسکرین گریب

سکھر: ڈہرکی کے قریب پیش آئے ٹرین حادثے کے نتیجے میں باراتیوں کے بھی جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

جائے حادثہ پر موجود عینی شاہد نے جیو نیوز کو بتایا کہ متاثرہ ٹرین میں ایک بارات موجود تھی اور جائے حادثہ سے دولہے کا کلہ بھی ملا ہے۔

جائے حادثہ سے دولہے کا کلہ بھی ملاہے :عینی شاہد کا بیان

عینی شاہد کا کہنا تھا کہ جس ڈبے کے قریب سے دولہے کا کلہ ملا وہ حادثے میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اسے کاٹ کر لاشیں نکالی گئی ہیں اس لیے حادثے میں باراتیوں اور دولہے کے بھی جاں بحق ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی ہیں  جس کے نتیجے میں جاں بحق مسافروں کی تعداد 32 ہوگئی ہے ۔

جیونیوز کے مطابق ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جارہی تھی اور سرسید ایکسپریس پنجاب سے کراچی جارہی تھی کہ ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈہرکی کے قریب پٹری سے اتر گئیں جب کہ اس دوران آنے والی سرسید ایکسپریس ڈی ریل بوگیوں سے ٹکراگئی۔

دوسری جانب  حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کے ڈرائیور  اعجاز احمد کا کہناہےکہ رات 3 بج کر 40 منٹ کے وقت کراچی آنے والی ٹرین کے ڈبے گرے ہوئے تھے جنہیں دیکھ کر ہنگامی بریک لگانے کی بہت کوشش کی لیکن گاڑی نہیں رکی۔ حادثے میں ثابت ہوجائیگا کہ وہ سوئے ہوئے نہیں تھے۔


مزید خبریں :