Time 08 جون ، 2021
پاکستان

ڈہرکی ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

لاہور: ڈہرکی ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حادثہ اپ ٹریک کی دائیں پٹری کا ویلڈنگ جوائنٹ ٹوٹنے کے سبب ہوا، اپ ٹریک کی دائیں پٹری کا جوڑ ویلڈنگ سے جڑا ہوا تھا جو ٹوٹا ہوا پایا گیا، پٹری کا جوڑ ٹوٹنے سے ملت ایکسپریس کی 12 مسافر کوچز ڈاؤن ٹریک پر گرگئیں۔

 تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ڈاؤن ٹریک پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ملت ایکسپریس کی کوچز سے ٹکرا گئی اور  حادثے کے نتیجے میں سرسید ایکسپریس کا انجن اور چار کوچز پٹری سے گریں جب کہ ملت ایکسپریس کا انجن اور 6 مسافر کوچز ٹریک پر ہی رہیں، سرسید ایکسپریس کی 12 مسافر کوچز ٹریک پر ہی رہیں۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کی شکار ٹرینوں کے انجنوں کے بلیک باکس کاڈیٹا نکالا جارہا ہے، بلیک باکس سے حاصل معلومات کو وفاقی انسپکٹرز آف ریلویز کی تحقیقات میں شامل کیا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیاہےکہ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی کے لیے جارہی تھی اور ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جارہی تھی۔

واضح رہےکہ ڈہرکی ٹرین حادثے کے نتیجے میں اب تک 62 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 100 سے زائد زخمی ہیں۔


مزید خبریں :