14 فروری ، 2012
اسلام آباد. . . . . . . .آزادکشمیر اورملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ایبٹ آباد اور گلیات میں برفباری کے باعث ایبٹ آباد مری روڈ سمیت تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں۔مالاکنڈ ڈویژن کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ کالام، مالم جبہ، میادم اور چترال میں وقفے وقفے سے ہونے والی برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے،برفباری کے باعث بند ہونے والی لواری ٹاپ سمیت تما م سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام پاک آرمی کی انجینئرنگ کور کی جانب سے جاری ہے۔ایبٹ آباد اور گلیات میں برفباری سے ایبٹ آباد مری روڈ سمیت تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں۔واٹر سپلائی پائپ لائن میں پانی جم جانے سے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔مانسہرہ، بٹ گرام، تورغر اور کوہستان میں برف باری اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے اور شاہراہ کاغان بھی مختلف مقامات پر بند ہے۔مظفرآباد اور ہٹیاں بالا سمیت آزادکشمیر کے وسطی علاقوں میں تیز بارش جبکہ وادی نیلم ، لیپا ، فارورڈ کہوٹہ، سدھن گلی، گریز اور دھیرکوٹ میں بارش اور پہاڑوں پربرف باری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔اسکردو اور استور سمیت گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی مسلسل برف باری کے سبب لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔شمالی بلوچستان میں بارش اور برف باری کا سلسلہ تو تھم چکا ہے تاہم سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔سندھ کے بیشترعلاقوں میں موسم صاف ہے اور سردی کا زور بھی مسلسل ٹوٹ رہا ہے۔