Time 09 جون ، 2021
پاکستان

تربیلا سے بجلی کی پیداوار میں کمی، نیپرا نے اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا عارضی شارٹ فال تربیلا سے کم پانی کے اخراج کی وجہ سے ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق پانی کےکم اخراج کی وجہ سے 3 ہزار میگاواٹ کم بجلی پیدا ہورہی ہے تاہم آنے والے دنوں میں بجلی کی پیداوار بڑھ جائے گی۔

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ملک کی مجموعی بجلی کی طلب 24100 میگاواٹ ہے اور سسٹم میں موجود بجلی کی پیداوار 22600 میگاواٹ ہے، اس طرح بجلی کا شارٹ فال 1500 میگاواٹ ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق تربیلا، منگلا سے 3300 میگاواٹ کم بجلی پیدا ہورہی ہے اور کچھ دنوں میں یہ بجلی بحال ہو جائے گی۔

وزارت توانائی نے بجلی صارفین سے عارضی لوڈمینجمنٹ پرمعذرت بھی کی ہے۔

نیپرا کا نوٹس

دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے  ملک بھر میں اضافی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا اور بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر وضاحت طلب کی ہے۔

نیپرا اعلامیے کے مطابق تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کو جمعے کو طلب کیا گیا ہے۔

نیپرا کا کہنا ہےکہ تمام تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی پابند ہیں۔

مزید خبریں :