ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور پی ایس ایل میں اچھی پرفارمنس کیلئے پر امید

ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ نے تسلیم کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ اس پوزیشن سے آگے کوالیفائی کرنا آسان نہیں ہے— فوٹو: جیو نیوز

‏پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے کچھ وقت قبل کپتانی کی تبدیلی سے فرق پڑا ہے لیکن ہم نے تبدیلی کا فیصلہ کیا اور شان مسعود کی جگہ محمد رضوان کو کپتان مقرر کیا۔

انہوں نے کہا کہ شان مسعود نے کپتانی اچھی کی تھی اور ان کی بیٹنگ بھی شاندار تھی ،   وہ قابل عزت کپتان تھے اور رہیں گے۔

اینڈی فلاور نے کہا کہ محمد رضوان نے بھی اچھی کپتانی کی ہے، مجھے پسند ہے وہ جس اپروچ کا مظاہرہ کرتے ہیں، سب سے بڑھ کر یہ کہ انہوں نے بیٹنگ عمدہ کی اور لیڈ فرام دی فرنٹ کیا،  وہ ایک بہادر کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ان میں کپتانی کی خوبیاں ہیں ،  انہیں اس مرحلے میں کپتانی کر کے مزید تجربہ ملے گا ، امید ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں محمد رضوان اچھی کپتانی کریں گے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں  اور ایسے میں شان مسعود کی اسپورٹ بھی ان کی ساتھ ہو گی ۔

‏اینڈی فلاور نے کہا کہ ہمیں ٹاپ ٹیموں میں ہونا چاہیے تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایسا نہیں ہے  ہمارے ٹاپ پر نہ ہونے کی کئی وجوہات ہیں، پہلے مرحلے میں دفاع کرنا ٹیموں کے لیے خاصا مشکل رہا اور کچھ یہی صورتحال ہمارے ساتھ بھی تھی۔

‏ اینڈی فلاور نے کہا کہ پی سی بی نے مختصر وقت میں پی ایس ایل کا انعقاد کیا ہے جو کہ اچھی بات ہے ہم منتظر ہیں کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا آغاز ہو اور اس مرحلے میں ہم مزید اچھا کھیلیں۔

‏اینڈی فلاور نے کہا کہ شاہدآفریدی ایک متاثر کرنے والے انسان ہیں،  ان کے ارد گرد ہونے کا فائدہ ہوتا ہے،  میں شاہد آفریدی کی ٹیم میں موجودگی چاہتا تھا لیکن گریٹ پلئیرز کا انجرڈ ہونا کھیل کا حصہ ہے، اب دوسروں کے لیے یہ ایک موقع ہے کہ اگر وہ کھیلتے ہیں تو اس سے فائدہ اٹھائیں۔

‏ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ نے تسلیم کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ اس پوزیشن سے آگے کوالیفائی کرنا آسان نہیں ہے، پی ایس ایل کا معیار بہت اعلیٰ ہے،  ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کی۔ ‏ہماری ٹیم میں ہر کوئی آگے بڑھ کر پرفارم کرنا چاہتا ہے ، عمران طاہر 20 سالہ نوجوان کھلاڑی کی طرح کھیلنے کے خواہشمند ہیں ،   خوشدل شاہ اور شیمرون ہیٹمائر سے امید ہے وہ گراونڈ میں موجودگی ظاہر کریں گے۔

‏ انہوں نے کہا کہ ہم دو لیگ اسپنرز کھلاتے رہے ہیں اب ہم نے کنڈیشنز کو دیکھنا ہے کہ ہمارے لیے کیا سود مند ہے،  ضرورت پڑنے پر عمران طاہر اور عثمان قادر کو کھلائیں گے۔

مزید خبریں :