Time 13 جون ، 2021
پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے 10 سے زائد ارکانِ پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں جلیل شرقپوری، چوہدری اشرف انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی، رئیس نبیل احمد اور اظہر عباس چانڈیا شامل ہیں۔

ملاقات میں سید عباس علی، طاہر بشیر چیمہ، یونس انصاری اور مسعود مجید بھی موجود تھے۔

منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو حلقوں اورعلاقے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے ارکان اسمبلی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں،  پنجاب کا نیا بجٹ عوام کیلئے ترقی و خوشحالی کا نیا باب رقم کرے گا، تعلیم، صحت، زراعت، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کیلئے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہر ضلع کیلئے علیحدہ ترقیاتی پیکج بنایا گیا ہے، سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہے، پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔

خیال رہے کہ کل پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جائے گا جس سے قبل اپوزیشن ارکان اسمبلی کی یہ اہم ملاقات ہے۔

مزید خبریں :