اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں متعدد ریکارڈز بن گئے

ایک اننگز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور، ایک میچ میں ٹیموں کا بہترین ایگری گیٹ اور کسی بھی بولر کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز دینے کے ریکارڈ بنے— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں متعدد ریکارڈز بن گئے۔

ایک اننگز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور،  ایک میچ میں ٹیموں کا بہترین ایگری گیٹ اور کسی بھی بولر کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز دینے کے ریکارڈ سمیت اس میچ میں متعدد ریکارڈز بنے۔

ابو ظبی کے شیخ  زاید اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےدو وکٹ پر 247 رنز بنائے ،  یہ نہ صرف پاکستان سپر لیگ بلکہ پاکستان کے کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شریک کسی ٹیم کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

اس سے قبل 2010 میں کراچی ڈولفنز کی ٹیم نے لاہور ایگلز کیخلاف 243 رنز بنائے تھے۔

پاکستان سپر لیگ میں اس سے قبل سب سے بڑا اسکور 238 تھا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2019 میں لاہور قلندرز کیخلاف بنایا تھا۔

آج کے میچ میں جوابی اننگز میں پشاور زلمی نے چھ وکٹ پر 232 رنز بنادیے، یہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں دوسری اننگز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے 2019 میں ناردرن کیخلاف بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹ پر 226 رنز بنائے تھے۔

پشاور زلمی کا 232 رنز کا ٹوٹل دوسری اننگز میں دنیا کی کسی بھی ٹیم کا چھٹا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

اس میچ میں مجموعی طور پر 479 رنز بنائے گئے جو  پاکستا ن کے کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں سب سے بڑا میچ ایگریگیٹ ہے۔

2010 میں کراچی ڈولفنز اور لاہور ایگلز کے درمیان میچ میں 451 رنز بنے تھے جبکہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ میں 2019 میں 427 رنز بنے تھے۔

آج کے میچ میں اسلام آباد کے ظفر گوہر نے بھی ایک منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا وہ  چار اوورز میں 65 رنز دے کر پی ایس ایل کے ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے بولر بن گئے، اس سے قبل یہ ریکارڈ شاہین شاہ آفریدی کے پاس تھا جنہوں نے چار اوورز میں 62 رنز دیے تھے۔

مزید خبریں :