14 فروری ، 2012
مظفرآباد…گلگت بلتستان اورآزادکشمیر میں چند ایک مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری جاری ہے۔کئی علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی بندش سے کھانے پینے کی اشیا کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔غذر کے بالائی علاقوں میں 2روز سے جاری برفباری کا سلسلہ تھم گیا۔پہاڑوں پر برفباری جاری ہے،جبکہ استور میں رات سے جاری برفباری رک گئی ہے۔بالائی علاقوں کی تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں ،جس سے کھانے پینے کی اشیا اور دواوٴں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔آزادکشمیر کیبیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے۔اٹھمقام اور لیپہ میں ہلکی برفباری اور بارش جاری ہے۔شاردا سے کیل ،ریشیاں سے لیپہ اور عباس پور سے فارورڈ کہوٹہ تک راستے برفباری کی وجہ سے بند ہیں۔مالاکنڈ ڈویژن میں تین روز بعد موسم صاف ہوگیاہے۔تمام رابطہ سڑکیں کھلی ہوئی ہیں۔اور بازاروں میں لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ہزارہ ڈویژن میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے۔شاہراہِ کاغان اور الائی روڈ لینڈ سلائڈنگ اور برفباری کی وجہ سے مختلف مقامات پر بند ہے۔جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں تین روز سے جاری برف باری کاسلسلہ تھم گیا ہے۔برف باری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے کانی گرم وانا شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے۔شمالی بلوچستان میں موسم صاف ہے۔یخ بستہ ہواوٴں کی وجہ سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہیں اور لوگ گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔