19 جون ، 2021
حکومتی الیکشن بل پر مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے شہباز شریف کی جانب سے دی گئی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز کی حمایت کردی ۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما فضل الرحمان اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ٹیلی فون پر مشاورت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزيشن کی تمام جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی پارلیمان کو بائی پاس کرکےانتخابی اصلاحات پر گفتگو کیلئےاےپی سی کی تجویز مضحکہ خیزہے، اس طرح کی فیصلہ سازی پارلیمان کے اندر کی جاتی ہے، اپوزیشن لیڈرپارلیمان کو کمزور کرنے کے ایجنڈے کا حصہ بن رہے ہیں جو افسوسناک ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر انتخابی اصلاحات پر تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امورکو بذریعہ خط لکھ کر رابطہ کیا اور یہ خط سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری پارلیمانی امور کو لکھا۔
الیکشن کمیشن نے حکومت کو الیکشن ترمیمی بل پراعتراضات سے تحریری طور آگاہ کیا اور ترامیم کا معاملہ وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں لانے کا مطالبہ کیا۔
الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ ووٹرز لسٹوں کا اختیار آئین کے مطابق الیکشن کمیشن کا ہے اور مجوزہ الیکشن ایکٹ کی 13 شقیں آئین سے متصادم ہیں۔