الیکشن ایکٹ کی 13 شقیں آئین سے متصادم ہیں، الیکشن کمیشن نے حکومت کو خط لکھ دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر انتخابی اصلاحات پر تحفظات سے آگاہ کردیا۔

الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امورکو بذریعہ خط لکھ کر رابطہ کیا اور  یہ خط سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری پارلیمانی امور کو لکھا۔

الیکشن کمیشن نے حکومت کو الیکشن ترمیمی بل پراعتراضات سے تحریری طور آگاہ کیا اور ترامیم کا معاملہ وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں لانے کا مطالبہ کیا۔

الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق قومی اسمبلی سے منظورکردہ الیکشن ایکٹ کی کئی شقیں آئین سے متصادم ہیں، آبادی کی بجائے ووٹرز پر حلقہ بندیوں کی تجویز آئین سے متصادم ہے۔

الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ ووٹرز لسٹوں کا اختیار آئین کے مطابق الیکشن کمیشن کا ہے اور مجوزہ الیکشن ایکٹ کی 13 شقیں آئین سے متصادم ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن کی سیکرٹ کی بجائے اوپن ووٹنگ آئین اور سپریم کورٹ کی رائے کےخلاف ہے۔

مزید خبریں :