Time 24 جون ، 2021
پاکستان

وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفدکی ملاقات،کراچی میں پانی،بجلی کےمسائل اور مردم شماری پرگفتگو

وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے ملاقات کی اور کراچی میں پانی کی فراہمی ، بجلی کی بندش اورمردم شماری 2022 میں کرانے سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت خالد مقبول صدیقی نے کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں  وزیراعظم سے کراچی ترقیاتی پیکج کے نفاذ پر گفتگو سمیت کراچی میں پانی سپلائی، بجلی کی بندش اور شہری مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  ملاقات کے دوران مردم شماری 2022 میں کرانے کے متعلقہ امور پر گفتگو ہوئی اور  مردم شماری کے نتائج پر 2023 کے انتخابات کے انعقاد پر بھی بات چیت کی گئی۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام اور سندھ میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں پر بھی گفتگو کی، اس دوران کراچی کے رہائشی افراد کے ساتھ سندھ حکومت کا امتیازی رویہ بھی زیر غور رہا۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کراچی میں صنعتوں کی گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیراعظم کی توجہ دلائی،وزیراعظم نے بتایا کہ وہ گیس لوڈ شیڈنگ کے حل کے لیے کیا کوشش کررہے ہیں۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر جو ٹیکس عائد کیے گئے وزیراعظم نے انہیں ہٹانے کی یقین دہانی کرائی ہے،کراچی کے ترقیاتی فنڈ کو سندھ حکومت کی ضد کے باوجود خرچ کرنے پر بات ہوئی ہے۔وزیراعظم کو دورہ کراچی کی دعوت دی ہے وہ ان شاءاللہ اگلےماہ کراچی آئیں گے۔

 خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ریسپانس بہت اچھا تھا،ہم قومی مقصد کے لیے گئے تھے، جب ہم کراچی کے لوگوں کے لیے بات کرتے ہیں تو پورے پاکستان کی بات کرتے ہیں،تحریک انصاف سے اتحاد مضبوط ہے۔

مزید خبریں :