اپنی زندگی جینا چاہتی ہوں، برٹنی اسپیئرز کا عدالت سے والدکی سرپرستی ختم کرنےکا مطالبہ

فوٹو: فائل

نامور امریکی گلوکارہ پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز نے عدالت  سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے والد کی قانونی سرپرستی ختم کرنا چاہتی ہیں تاکہ اپنی زندگی آزادانہ طور پر دوبارہ جی سکیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برٹنی اسپیئرز نے اپنی زندگی اور دولت کی سرپرستی پر 13 سال بعد خاموشی توڑتے ہوئے پہلی بار جج کو بتایا کہ وہ اس جابرانہ معاملے کو ختم کرنا چاہتی ہیں جس نے ان کے احساسات کو بری طرح مجروح کیا ہے۔

عدالت میں گلوکارہ نے اپنی دولت اور خودکی سرپرستی کرنے والے اپنے والد اور دیگر لوگوں کی بھی شدید مذمت کی اور کہا انہوں نے میری مرضی اور خواہش کے برعکس مجھے مانع حمل اور دیگر ادویات لینے پر مجبور کیا تاکہ میں نہ شادی کرسکوں اور نہ ماں بن سکوں۔

39 گلوکارہ نے الزام لگایا کہ ان کے والد انہیں تکلیف دے کر خوش ہوتے ہیں اور اپنے اختیارات کا بے جااستعمال کرتے ہیں، 2019 میں انہو ں نے زبردستی دماغی اسپتال جانے پر مجبور کیا حالانکہ میں نے ایک گھنٹے تک ان سے فون پر فریاد بھی کی لیکن انہوں نے ایک نہ سنی، اپنی بیٹی کو تکلیف پہنچا کر انہیں سکون ملتا ہے۔

برٹنی اسپیئرز نے کہا کہ والد کی قانونی سرپرستی کے نظام میں مجھے اپنی زندگی پر کوئی اختیار نہیں  اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ میری زندگی واپس دی جائے تاکہ میں اپنی مرضی سے جی سکوں، اگر یہ سرپرستی کا نظام نہ ہوتا تو میں اپنے بوائے فرینڈ سام اصغری سے شادی کرچکی ہوتی اور ہمارا بچہ بھی ہوتا۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میری طویل خاموشی کو بھی میرے خلاف استعمال کیا گیا حالانکہ میں صدمے میں تھی اور بری طرح نظر انداز کی گئی تھی۔

خیال رہےکہ39 سالہ امریکی پاپ اسٹار کے والد جیمز اسپیئر گذشتہ 13 برسوں سے اپنی بیٹی کی خراب ذہنی صحت کے باعث ان کے قانونی سرپرست ہیں۔

برٹنی اسپیئرز کے  مداحوں کا شروع سے یہ خیال رہا ہے کہ انھیں زبردستی اس نگرانی پر مجبور کیا گیا اور ان کے والد اور دیگر افراد نے انہیں قیدی بنا کر رکھا ہوا ہے ، اس سلسلے میں مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ 'فری برٹنی' کے نام سے مہم بھی چلائی جاتی رہی ہے۔

سرپرستی کا پس منظر

برٹنی اسپیئر کا شمار ان کی آواز اور خوبصورتی کی وجہ سے امریکا کے معروف گلوکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے کم عمری میں ہی بے پناہ دولت اور شہرت کمائی تاہم ان کے زوال کا آغاز 2004 میں ہوا جب انہوں نے اپنے بچپن کے دوست جیسن الیگزینڈر سے شادی کی جوکہ چند روز بعد ہی ختم ہوگئی۔

بعد ازاں برٹنی نے دوسری شادی کیون فیڈرلین سے کی، جن سے ان کے 2 بیٹے بھی ہوئے تاہم 2007 میں ان سے بھی طلاق ہوگئی اور وہ بچوں کی کفالت کا حق بھی کھو بیٹھیں جس کے بعد وہ شدید ذہنی مسائل کا شکار ہوگئیں۔

اس کے بعد عدالت نے ان کے والد اور ایک وکیل کو ان کا سرپرست مقرر کیا جو کہ گذشتہ کئی سالوں سے برٹنی کی دولت، صحت اور یہاں تک کے ان کی ذاتی زندگی کی نگرانی بھی کرتے رہے ہیں۔

2019 میں اداکارہ کے والد جیمز اسپیئر نے خرابی صحت کی بناء پر سرپرست اعلیٰ کی ذمہ داری سے علیحدگی اختیار کرلی تھی جب کہ ان کے وکیل بھی گزشتہ برس اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوگئے تھے جس کے بعد عدالت نے عارضی طور پر ایک اور وکیل کو سرپرست مقرر کیا تھا۔

نئے سرپرست کی مدت ختم ہونے کے بعد عدالت نے ایک بار پھر ان کے والدکو 2021 تک برٹنی اسپیئرکا سرپرست مقرر کردیا تھا جس پرگلوکارہ نے والدکو ہٹانےکے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

مزید خبریں :