27 جون ، 2021
لاہور میں اپنی نوعیت کا انوکھا مقدمہ درج ہوا جس میں سستی سبزی بیچنے پر دکاندار کو گرفتار کرلیا گیا۔
نئے پاکستان میں انوکھا مقدمہ اسپیشل مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیر کی مدعیت میں تھانہ سٹی رائیونڈ میں پرائس کنٹرول ایکٹ 1958 اور 1977 کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ دکاندار بھنڈی مقررکردہ قیمت 95 کی بجائے 73 روپے پربیچ رہا تھا، دکاندارٹماٹرکی مقررکردہ قیمت 50 روپےکلو کی بجائے 25 روپےفی کلوفروخت کررہا تھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دکانداربینگن مقررکردہ نرخ 60 فی کلوکی بجائے 52 روپے، کریلے 90 فی کلوکی بجائے 52 روپے اور پیازسرکاری ریٹ 40 روپے فی کلو کے بجائے 33 روپے میں فروخت کررہا تھا۔
ایف آئی آرکے مطابق دکان دار نے سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرکے اور مقررہ نرخوں پر سبزی نہ بیچ کر جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مجسٹریٹ کے حکم پر دکاندار وقاص کو 15 جون کو گرفتار کیا گیا اور 16 جون کو مقامی عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کر دیا۔