پاکستان
09 اکتوبر ، 2012

ملالہ کو بیرون ملک بھجوانے کی سفارش، رحمان ملک نے انتظامات کا حکم دیدیا

ملالہ کو بیرون ملک بھجوانے کی سفارش، رحمان ملک نے انتظامات کا حکم دیدیا

پشاور …سی ایم ایچ پشاور میں ملالہ یوسف زئی کا تفصیلی چیک مکمل کرلیا گیا، میڈیکل بورڈ نے ملالہ کو جان بچانے کیلئے بیرون ملک بھیجنے کی سفارش کردی، رحمان ملک نے ملالہ کو بیرون ملک بھجوانے کی ہدایت کردی، خیبرپختونخوا حکومت نے بھی معاونت کا اعلان کردیا۔ ذرائع کے مطابق سی ایم ایچ پشاور میں ملالہ یوسف زئی کا تفصیلی چیک مکمل کرلیا گیا ہے ، ملالہ کے سر میں لگنے والی گولی ریڑھ کی ہڈی کے قریب پہنچ گئی ہے اور دماغ میں سوجن کے باعث ان کا فوری طور پر آپریشن ممکن نہیں۔ ملالہ کا چیک اپ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے انہیں علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانے کی سفارش کردی ہے۔ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسف زئی کو بیرون ملک علاج کیلئے بھیجیں تو ان کی جان بچ سکتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ملالہ یوسف زئی کو علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانے کی ہدایت کردی۔ رحمان ملک نے سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ ملالہ یوسف زئی کو بیرون ملک بھجوانے کے انتظامات کئے جائیں جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے بھی ملالہ یوسفزئی کا بیرون ملک علاج کرانے کا اعلان کیا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ ملالہ کا علاج بیرون ملک کرایا جائے گا۔ سی ایم ایچ ذرائع کے مطابق ملالہ یوسف زئی کو قریب سے نشانہ بنا یا گیا ہے، گولی سر میں موجود ہے جس کے باعث اس کے دماغ کا کچھ حصہ اور سر کی ہڈی متاثر ہوئی ہے، آئندہ 4 دن ملالہ کی زندگی کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ واضح رہے کہ مینگورہ میں اسکول بس روک کر ملالہ یوسف زئی کو گولیاں ماری گئیں جس میں دیگر دو بچیاں بھی زخمی ہوئیں جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

مزید خبریں :