09 اکتوبر ، 2012
میلبورن …سابق آسٹریلوی امپائر ڈیرل ہیئر نے کہا ہے کہ امپائرز پر لگنے والے الزامات پر انہیں قطعی حیرت نہیں، انڈین پریمئیر لیگ کے بعد سے فکسنگ لفظ کرکٹ کھیل کا حصہ بن گیا ہے۔ ایک انٹرویو میں متنازعہ آسٹریلوی امپائر ڈیرل ہیئر نے کہا کہ ملٹی ملئین ڈالرز کی انڈین پریمئیر لیگ سٹے بازی اور میچ فکسنگ کی جڑ ہے، اس لیگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ امپائرز پر شبہ ظاہر کیا گیا۔ حیرت اس بات پر ضرور ہے کہ امپائرز کا اسکینڈل سامنے آنے میں کافی وقت لگا۔انہوں نے کہا کہ دو وجوہات کی وجہ سے کھلاڑی یا آفیشلز فکسنگ گینگ کا حصہ بنتا ہے، پہلا موقع اور دوسرا لالچ اور جسے لالچ ہوتی ہے اور اسے موقع مل جائے تو وہ فوری حامی بھر لیتا ہے۔انہوں نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ فکسنگ کی روک تھام کے معاملے میں غیر فعال ادارہ ہے جو کسی کا فون بھی ٹیپ نہیں کر سکتی۔