10 اکتوبر ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے ملالہ یوسف زئی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ کرنے والے بتائیں کہ وہ اسلام کی کس طرح خدمت کر رہے ہیں، یہ جہاد نہیں بلکہ دہشت گردی ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے وطن کیلئے بہت بڑا کام کیا ہے اس نے غلط روایات کی زنجیریں توڑیں۔ کوئی بھی مذہب بچوں اور عورتوں پر بربریت کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہاکہ ملالہ یوسف زئی کو اللہ تعالیٰ جلد صحت یاب کرے تاکہ وہ علم کی شمع روشن کرتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں کو انسان نہیں کہا جا سکتا یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔