پاکستان
10 اکتوبر ، 2012

ملالہ کی حالت بہتر، بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ موٴخر کردیا، رحمان ملک

ملالہ کی حالت بہتر، بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ موٴخر کردیا، رحمان ملک

پشاور … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطابق ملالہ یوسف زئی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اس لئے اسے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ موٴخر کردیا گیا ہے، امریکا اور لندن میں نیورو سرجن تیار ہیں، ضرور پڑنے پر انہیں پاکستان بلایا جائے گا، ملالہ پر فائرنگ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی، وہ کہیں بھی فرار ہوجائیں انہیں گرفتار کرلیں گے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں سب سے زیادہ مصیبتیں اس خطے نے اٹھائیں، خیبرپختونخوا کا کوئی گھر ایسا نہیں ہے جو دہشت گردی سے متاثر نہ ہوا ہو، دہشت گردوں نے پختون قوم کو ڈرانے کی کوشش کی جو ناکام ہوئی، کالعدم تحریک طالبان کو سپورٹ کرنی والے اب تو ان کی مدد چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی پر فائرنگ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی، دہشت گرد کہیں بھی فرار ہوجائیں ہم گرفتار کرلیں گے، ہمیں پتا ہے کہ دہشت گرد کتنے دن پہلے سوات آئے تھے، ملالہ پر حملہ کرنے والوں کی کوئی بھی معلومات ہوں تو ہمیں فراہم کریں،حملہ آوروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں گے۔ رحمان ملک نے کہا کہ ڈاکٹروں کی رائے کے مطابق ملالہ یوسف زئی کی حالت خطرے سے باہر ہے، فی الحال ملالہ یوسف زئی کو بیرون ملک منتقل نہیں کیا جائے گا، اگر میڈیکل بورڈ نے کہا تو ملالہ کو بیرون ملک منتقل کیا جائے گا، امریکا اور لندن میں نیورو سرجن تیار ہیں، ضرورت پڑنے پر انہیں بلایا جائے گا، میڈیکل بورڈ کی رائے کی مطابق ملالہ کو باہر نہیں بھیجا جاسکتا۔ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ افغان صدر سے شکایت کی ہے کہ وہاں سے آنیوالے دہشت گردوں کو روکا جائے، آئی جی خیبرپختونخوا سے کہا ہے کہ ملالہ اور ان کے اہلخانہ کو سیکیورٹی دی جائے، تاہم آئی جی پولیس نے کی جانب سے 3 مرتبہ سیکیورٹی کا کہا گیا لیکن ملالہ کے والد نے منع کردیا۔

مزید خبریں :