08 جولائی ، 2021
سندھ میں نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا 60 فیصد عملہ کرپٹ نکلا، پیسے لے کر دہشت گردوں اور مختلف ممالک کے ایجنٹوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کر دیے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر نادرا میں بڑے پیمانے پر جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث سرکاری افسران کے گروہ کو بے نقاب کر دیا۔
اس حوالے سے جن ملزمان کو گرفتار کیا گیا ان میں نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر افروز ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق اور ایجنٹ شامل ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ عامر فاروقی کا کہنا ہےکہ اس کام کی وجہ سے ملک کو سیکیورٹی چیلنج درپیش آئے اور نقصان بھی ہوا ۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق نادرا کے افسران بھاری رقم لے کر افغان کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں، ملک کے خلاف کام کرنے والی کالعدم قوم پرست جماعتوں کے کارندوں اور مختلف ممالک کے ایجنٹوں کو بھی جعلی دستاویزات پر قومی شناختی کارڈ جاری کرچکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہےکہ نادرا کے افسران نے افغانی ، بھارتی ، برمی اور بنگالی شہریوں کے بھی جعلی شناختی کارڈ بنا ڈالے ،اس کے علاوہ نادرا کے افسران اہم سرکاری ڈیٹا کے ہیر پھیر میں بھی ملوث ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق سندھ میں 60 فیصد نادرا کا عملہ کرپٹ ہے ، جن کے خلاف بڑے پیمانے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔