Time 09 جولائی ، 2021
کھیل

قومی کھیل کی طرح دنیا کا سب سے بڑا ہاکی اسٹیڈیم بھی تباہی کا شکار

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم۔ —فوٹو: جیو نیوز
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم۔ —فوٹو: جیو نیوز

لاہور: ملک کے قومی کھیل کی طرح اب پاکستان کے شہر لاہور میں واقع دنیا کا سب سے وسیع ’نیشنل ہاکی اسٹیڈیم‘ بھی تباہی کا شکار ہونے لگا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں دنیا کا سب سے بڑا ہاکی اسٹیڈیم قائم ہے جو انتظامیہ کی غفلت کے باعث رفتہ رفتہ تباہ ہورہا ہے جہاں کرسکیاں سمیت فرش اسٹینڈز  ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے ساتھ ٹرف بھی کھیلنے کے قابل نہیں رہے تاہم مجبور ویمن ہاکی اکیڈمی کی کھلاڑی اسی ٹرف پر ٹریننگ کرتی نظر آتی ہیں۔

کچھ عرصے قبل پاکستان ہاکی ٹیم رینکنگ میں پہلے نمبر پر مانی جاتی تھی لیکن آہستہ آہستی آج 18ویں پوزیشن پر آپہنچی ہے جبکہ رینکنگ خراب ہونے کے ساتھ اسٹیڈیم کے ٹرف بھی قابل استعمال نہیں ہیں جس کی وجہ سے قومی کیمپ گراؤنڈ نمبر دو میں لگتے ہیں۔

علاوہ ازیں حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسپورٹس بورڈ پنجاب کے دفاتر بھی اسی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں موجود ہیں جبکہ اسٹیڈیم کے تمام انتظامی امور کی ذمے داری بھی اسپورٹس بورڈ پنجاب کی ہے۔

مزید خبریں :