12 جولائی ، 2021
دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ اس وقت میرا ایک ہی ہدف ہے کہ میں نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں کم بیک کرنا ہے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔
7 فٹ ایک انچ قد و قامت کے مالک محمد عرفارن نے آخری مرتبہ نومبر 2019 میں کینبرا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف نمائندگی کی جبکہ ستمبر 2016 میں انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ لیڈز کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
محمد عرفان پی ایس ایل کے بعد اب آف سیزن میں اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں اور وہ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ فٹنس میں کمزور تھے اس لیے انہوں نے آف سیزن میں اپنی فٹنس کو بہتر کرنے پر فوکس کیا ہے کیونکہ اس وقت ان کا ایک ہی ہدف ہے کہ پاکستان ٹیم میں واپسی کرنی ہے اور اس کے لیے فٹنس کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ ورلڈکپ متحدہ عرب امارات میں ہو رہا ہے اور میں متحدہ عرب امارات میں زیادہ کامیاب ہو سکتا ہوں، میں نے 2015 میں ون ڈے ورلڈ کپ کھیلا ہے جبکہ 2016 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی کھیل چکا ہوں، اب میں پھر ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں اور اس کے لیے میں بہت محنت کر رہا ہوں۔
محمد عرفان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں کارکردگی اچھی رہی ہے، بس مجھے فٹنس میں تھوڑی کمی محسوس ہوئی، میرا دیگر لیگز کے ساتھ بھی معاہدہ ہے، وہ بھی میں کھیلوں گا۔
فاسٹ بولر کہتے ہیں کہ خوشی ہے کہ پاکستان کے پاس بہت فاسٹ بولرز آ رہے ہیں اور نوجوان فاسٹ بولرز میں بہت مقابلہ ہے، نوجوانوں کو گروم کرنا چاہیے لیکن میرا قد کی وجہ سے کسی سے مقابلہ نہیں ہے، مجھے خود پر اعتماد ہے کہ میں واپس آ سکتا ہوں اور پاکستان کے لیے مزید اچھا کر سکتا ہوں۔
محمد عرفان آج کل لاہور کے مقامی جم میں اپنے انفرادی ٹرینر کے ساتھ 2 گھنٹے فزیکل ٹریننگ کرتے ہیں۔