15 جولائی ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ گالف کھیلنا کسی بھی کرکٹر کی وائٹ بال کرکٹ میں بیٹ سوئنگ اور فالو تھرو کو بہتر کرتا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کا گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں انتہائی شاندار رہا ہے اور وہ اب انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ایک بار پھر اسی طرح کارکردگی کو دہرانا چاہتے ہیں۔
تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اوے ٹورز پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا کسی بھی ٹیم کے بہتر ٹیم کہلانے کا ثبوت ہوتا ہے، بلاشبہ جیت جیت ہوتی ہے چاہے وہ ہوم سیریز میں حاصل ہو مگر اوے ٹورز پر نمایاں کارکردگی کسی بھی ٹیم کی میگا ایونٹ کی تیاریوں میں بہت معاونت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا کی طرح انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ٹی ٹوئنٹی میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی، یہ دونوں سیریز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں فینز کی سپورٹ اور وائٹ بال کرکٹ کی کنڈیشنز انہیں ہمیشہ سے بہت پسند ہیں اور وہ 2003 سے لے کر اب تک یہاں کرکٹ کھیلنے کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہمیشہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین کی حیثیت سے کرکٹ کھیلی، نئے گیند کو اچھا کھیلنے سے یہاں لمبی اننگز کھیلنے کے مواقع بڑھ جاتے ہیں۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کرکٹ کیرئیر کے آخری مراحل میں ہیں مگر ان کی خواہش ہے کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم میں اپنی ایک میراث چھوڑ جائیں۔ ان کا ماننا ہے کہ کسی بھی سینئر کھلاڑی کی میدان میں انفرادی کارکردگی سے زیادہ اس کا اپنی ٹیم میں ویلیو ایڈ کرنا زیادہ اہم ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ گالف کھیلنا کسی بھی کرکٹر کی وائٹ بال کرکٹ میں بیٹ سوئنگ اور فالو تھرو کو بہتر کرتا ہے، جب سے انہوں نے قومی کھلاڑیوں کو گالف کھیلنے کی پیشکش کی ہے، کپتان بابر اعظم، امام الحق، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے اس میں بہت دلچسپی لی ہے۔
واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔