15 جنوری ، 2012
روم … اٹلی میں تفریحی جہاز کے حادثے کی فوٹیج منظرعام پرآگئی ہیں۔مسافروں کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوزمیں خوف کاشکار لوگوں کوبچانے کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔اٹلی کے مقام پورٹ سینٹو میں کوسٹا کونکورڈیا نامی تفریحی جہاز بحیرہ روم کے اطراف سفر پر تھا کہ سمندری چٹان سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے وقت جہازکے کپتان سمیت بیشتر مسافر ریسٹورنٹ میں کھانا کھارہے تھے،کہ اچانک جہازکے بائیں حصے پرضرب پڑتے ہی اندھیراچھاگیا۔اور جہاز سمندرمیں ایک جانب جھکنے لگا۔جس سے افراتفری مچ گئی۔جہازکے اکثرمسافرایشیائی اوراطالوی زبان سے ناآشنا تھے۔ تاہم کیپٹن نے صورتحال کوسنبھالتے ہوئے چھ مختلف زبانوں میں ان سے پرسکون رہنے کی اپیل کی جس کے بعد سب لائف بوٹس کی طرف بھاگے۔مسافروں کی بنائی گئی ویڈیوزمیں لوگوں کے چہروں پرخوف واضح طورپردیکھاجاسکتاہے۔ گروسسیٹو کے گورنرکے مطابق امدادی ٹیموں اور اطالوی کوسٹ گارڈزنے فوری کارروائی کرتے ہوئے بحری جہاز سے 4 ہزار سے زائد افراد کو نکال لیا تاہم 41افرادلاپتاہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ڈوبنے والے اطالوی جہازکے مسافر حادثے کو ٹائی ٹینک جیسا واقعہ قرار دے رہے ہیں۔