19 جولائی ، 2021
کراچی پولیس کا اپنے اندر موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں پولیس نےاپنے ہی تاریخی ہیڈکوارٹرزگارڈن پولیس ہیڈکوارٹرز پر چھاپہ مارا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی نبی بخش انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سےعمل میں لائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ چند روز قبل گارڈن ہیڈکوارٹرز کے سامنے سے کپڑوں سے لدی گاڑی چھینی گئی تھی، یہ گاڑی اسمگل شدہ کپڑوں کی تھی جو کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا جانا تھی، واردات گورنمنٹ آفیسرز سوسائٹی میں خاتون افسر کےگھر کے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل شہلا قریشی کے گھر کے کیمرے کی فوٹیج سے یہ عقدہ کھلا، ملزمان کی شناخت گارڈن ہیڈکوارٹرز کے رہائشی پولیس اہلکاروں سے ہوئی، اسی اطلاع پر نبی بخش تھانے میں تین نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے کےبعد گرفتاری اوربرآمدگی کےلیے چھاپہ ماراگیا، چھاپے میں ملزمان نہیں ملے تاہم کارروائی جاری رکھی گئی اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارکر دو ملزمان کو گرفتار جب کہ چھینا گیا کپڑا برآمد کرلیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 40لاکھ روپےکے قریب ہے۔
ایک ملزم تاحال فرارہے، حکام کے مطابق ملوث پولیس اہلکاروں کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے اور ایک اہلکار اس سے قبل بھی نبی بخش تھانے میں بند ہوچکا ہے۔