Time 24 جولائی ، 2021
پاکستان

ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار کے گارڈ کی فائرنگ سے ڈیلیوری بوائے زخمی

کراچی کے علاقے ڈیفنس بدر کمرشل ایریاکے قریب نجی گارڈ نے کھانا لے کر آنے والے ڈیلیوری بوائے کو گولی مار کر زخمی کردیا۔

ڈیلیوری بوائے کو زخمی کرنے کا واقعہ بدر کمرشل ایریا میں پیش آیا جہاں ڈیلیوری بوائے ندیم کھانا لے کرپہنچا تو باہر موجود نجی گارڈ سے تلخ کلامی ہوگئی، اسی دوران گارڈ نے فائرنگ کی جس سے ندیم زخمی ہوگیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو پتا چلا، فائرنگ میں ملوث ملزم ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا نجی محافظ ہے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔

پولیس ک کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت محبوب کے نام سے ہوئی اور وہ کسی نجی گارڈ کمپنی کا ملازم نہیں۔

جیونیوز نے خواجہ اظہار الحسن سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے کوئی مؤقف نہیں دیا۔

آنے کی وجہ بتائی تو گارڈ نے موٹرسائیکل پرلات ماری اور تشدد شروع کردیا، زخمی ڈیلیوری بوائے

زخمی ڈیلیوری بوائے ندیم کا کہنا ہے کہ بنگلے پرگھنٹی بجائی توسیکیورٹی گارڈ نے منع کیا،  آنے کی وجہ بتائی تو گارڈ نے موٹرسائیکل پرلات ماری اور تشدد شروع کردیا۔

زخمی نوجوان کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے بیچ بچاؤکرایا لیکن اسی دوران گارڈ نے پستول نکال کرٹانگ پرگولی ماری۔

اس کا کہنا ہے کہ جس بنگلے میں ڈیلیوری دینےگیا گارڈ اسی بنگلے کے باہر موجود تھا۔

مزید خبریں :