28 جولائی ، 2021
اسلام آباد میں طوفانی بارش کا باعث کلاؤڈ برسٹ ہے یا نہیں، اس حوالے سے انتظامیہ کے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہےکہ کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے باعث مختلف علاقوں میں سیلاب آیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ نہیں ہوا بلکہ مون سون کی موسلادھار بارشیں ہوئی ہیں، سب سے زیادہ 123 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں جس علاقے میں سیلابی صورتحال ہوئی وہ کلاؤڈ برسٹ کا نتیجہ نہیں، متاثرہ علاقے میں ڈیڑھ گھنٹے میں 103 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نشیبی علاقے میں پہاڑوں سے پانی آنے اور نکاسی مناسب نہ ہونے سے سیلابی صورتحال ہوتی ہے،اُدھر سیدپور میں 123ملی میٹر بارش ہوئی لیکن نکاسی درست ہونے سےسیلابی صورتحال نہیں ہوئی۔
خیال رہےکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بدھ کی صبح ہونے والی طوفانی بارش نے تباہی مچادی،ای الیون اسلام آباد میں برساتی نالہ اوور فلو ہوگیا، پانی گھروں ، مارکیٹوں اور دیگر عمارتوں کے تہہ خانوں میں گھس گیا،کئی گاڑیاں بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے ای الیون سی ڈی اے کا باقاعدہ سیکٹر نہیں ، نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر مشتمل ہے، جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد رانا وقاص کا کہنا ہے برساتی نالے پر تجاوزات کے باعث نقصان ہوا ہے۔
جڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث راول ڈیم اور نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح کافی بلند ہو گئی، امدادی ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خود بھی نالہ لئی کا معائنہ کیا ۔