28 جولائی ، 2021
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد رانا وقاص کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں تباہی نالے پرغیر قانونی تجاوزات کی وجہ سے ہوئی ۔
ان کا کہنا تھاکہ برساتی نالے پر تجاوزات کے باعث نقصان ہوا جبکہ دوبارہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کریں گے۔
نقصان کے بعد عوام میں شدید غصہ پایا جارہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ نالے کے اطراف پلازے بن گئے کسی نے انہیں تعمیر ہونے سے نہیں روکا اور اب نقصان ہونے پر انتظامیہ کو خیال آیا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بدھ کی صبح ہونے والی طوفانی بارش نے تباہی مچادی ہے۔
ای الیون اسلام آباد میں برساتی نالہ اوور فلو ہوگیا تھا جس کی وجہ سے پانی گھروں ، مارکیٹوں اور دیگر عمارتوں کے تہہ خانوں میں گھس گیا کئی گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔