Time 10 اگست ، 2021
پاکستان

شوگر ملز کو چینی کی قیمتوں میں ریلیف کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

وفاقی حکومت نے شوگر ملز کو چینی کی قیمتوں میں ریلیف دینےکا لاہور ہائی کورٹ کا 3 اگست کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ۔ 

حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے شوگر ملز کو ریلیف دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے 3 اگست کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

 درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کا ان چیمبر فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا، چینی کی قیمت کا تعین پرائس اینڈ کنٹرول ایکٹ کےتحت کیا گیا۔

حکومت کا کہنا ہےکہ لاہور ہائی کورٹ کے پاس قیمت کے تعین کا اختیار نہیں، عدالت عالیہ کا شوگر ملز کو عبوری ریلیف دینے کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے۔

خیال رہےکہ  اس سے قبل لاہورہائی کورٹ نے چینی کی قیمت  89 روپے 50 پیسے فی کلو مقرر کرنے کے حکومتی نوٹیفکیشن کے خلاف درخواستیں قابلِ سماعت قرار دی تھیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے تمام درخواستیں یکجا کرکے مرکزی کیس کے ساتھ لگانےکا حکم دیتے ہوئے حکومت کو شوگرملز مالکان کے خلاف تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا تھا۔

شوگر ملز کا مؤقف تھا کہ حکومت نے چینی کی نئی قیمت ساڑھے89 روپے مقرر کی ہے،جو قابل فروخت قیمت نہیں۔

مزید خبریں :