Time 12 اگست ، 2021
پاکستان

’مریم نواز لندن روانگی کیلئے عدالت سے رجوع نہیں کررہیں‘

مریم نواز پاکستان میں رہ کر حالات کا مقابلہ کریں گی: پولیٹیکل سیکرٹری/ فائل فوٹو
مریم نواز پاکستان میں رہ کر حالات کا مقابلہ کریں گی: پولیٹیکل سیکرٹری/ فائل فوٹو

لاہور: مریم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری نے لیگی رہنما کی جانب سے بیٹے کے نکاح میں شرکت کے لیے لندن روانگی کے سلسلے میں عدالت سے رجوع کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔

مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک نے ایک بیان میں کہا کہ مریم نواز بیٹے کے نکاح میں شرکت کے لیے لندن جانے کے لیے کسی بھی عدالت سے رجوع نہیں کر رہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنی ٹوئٹ میں بھی واضح کرچکی ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کے نکاح میں شرکت کے لیے کسی سے اجازت نہیں مانگیں گی، انہوں نے پہلے بھی پاکستان میں رہ کر مشکل حالات کا مقابلہ کیا اب بھی کریں گی۔

واضح رہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف سے طے ہوئی ہے، فیملی نے شادی کے دعوت نامے عزیز و اقارب کو بھیجنا شروع کردیے ہیں اور یہ شادی دو ہفتوں کے بعد لندن میں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی میں دلہے کی والدہ مریم نواز اور والد کیپٹن (ر)صفدر شرکت نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق لندن آنے کیلئے مریم اورکیپٹن(ر)صفد حکومت سے درخواست بھی نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :