14 اگست ، 2021
کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ کے قریب منی ٹرک میں بم دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مواچھ گوٹھ میں دھماکے کا نشانہ بننے والا خاندان شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا کہ اس پر بم سے حملہ کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ منی ٹرک والے نے بلدیہ پریشان چوک سے ایک فیملی کوبٹھایا تھا۔
سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے جبکہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 5 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد بتایا کہ دھماکا سلنڈر سے نہیں بلکہ بم سے کیا گیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے سے ٹرک کی باڈی پر چھروں اور نٹ بولٹ کے کافی نشانات پائے گئے ہیں جو بم میں استعمال کیے گئے جبکہ دھماکا مقامی طور پر تیار کیے گئے بم سے کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق ایک ہی برادری سے ہے۔
قبل ازیں ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین نے ابتدائی طور پر منی ٹرک میں دھماکے کو سلنڈر دھماکا قرار دیا تھا۔