دنیا
Time 17 اگست ، 2021

طالبان کی کابل میں محرم الحرام کی مجلس میں شرکت

کابل میں طالبان رہنماؤں نے محرم الحرام کے پیشِ نظر ہونے والی  مجلس میں شرکت کی ہے۔

معروف مغربی جریدے کے کابل میں مقامی رپورٹر نے  ٹوئٹ  کرتے ہوئے کہا کہ طالبان رہنما ہزارہ محلے دشتِ برچی میں ہونے والی مجلس میں شریک ہوئے اور شیعہ برادری کو تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔

 افغان میڈیا کے مطابق طالبان کی موجودگی میں کابل میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔ 

اس کے علاوہ افغانستان کے ٹی وی چینل طلوع نیوز نے خواتین اینکرز اور رپورٹرز کے ساتھ اپنی نشریات بحال کردی ہیں۔

کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد اتوار سے زیادہ تر چینلز نے خواتین اینکرز اور رپورٹرز کو ٹی وی اسکرینز سے ہٹا دیا تھا لیکن اب افغان نیوز چینل کے سربراہ نے سوشل میڈیا پر لکھاہے کہ چینل نے خواتین اینکرز کی ساتھ اپنی نشریات بحال کردی ہیں اور ایک خاتون اینکر نے طالبان کی میڈیا ٹیم کے نمائندے کا انٹرویو بھی لیا ہے۔

اس کے علاوہ خواتین کابل کی سڑکوں پر رپورٹنگ کرتے ہوئے بھی نظر آ رہی ہیں جبکہ  امریکی ٹی وی کی خاتون صحافی کی بھی طالبان جنگجوؤں کے درمیان سے رپورٹنگ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  امریکا کے خلاف نعرے لگنے کے باوجود طالبان نے ان سے اچھا برتاؤ کیا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد طالبان کے خوف سے متعدد میڈیا چینلز بند کردیے گئے تھے۔

مزید خبریں :