Time 25 اگست ، 2021
پاکستان

لاہور: رکشے میں لڑکی کو ہراساں کرنیوالے اوباش کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

لاہور: 14 اگست کی رات رکشے میں لڑکی کو ہراساں کرکے بھاگنے والے اوباش کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ اوباش نوجوان لڑکی کو ہراساں کرنے کے بعد دائیں جانب بھاگا اور کسی موٹرسائیکل یا گاڑی میں نہیں بیٹھا بلکہ گاڑیوں کی آڑ لیتے ہوئے فرار ہوگیا۔

ویڈیو میں ملزم کا عقبی حصہ نظر آرہا ہے اور اس کا چہرہ نظر نہ آنے کی وجہ سے پولیس کو اس کی شناخت میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

واقعے کی فوٹیج نادرا کو بھی بھجوائی گئی ہے لیکن ملزم کا عقبی حصہ نظر آنے کی وجہ سے تصاویر لینا انتہائی مشکل ہے۔

پولیس نے واقعے میں اب تک ویڈیو بنانے والے افراد کو گرفتار کیا ہے تاہم مرکزی ملزم چہرہ شناخت نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تاحال مفرور ہے۔

واضح رہے کہ 20 اگست کواس واقعے کی ویڈیو سامنے آئی جس میں اوباش نوجوان نے رکشے میں بیٹھی لڑکی سے نازیبا حرکت کی۔

ویڈیو سے متعلق بتایا گیا کہ یہ واقعہ لاہور میں یوم آزادی کے روز ہی پیش آیا جب گریٹر اقبال پارک میں بھی ایک ٹک ٹاکر خاتون کو اسی روز ہراساں کیا گیا۔

گریٹر اقبال پارک میں منچلوں نے ایک خاتون سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے تاہم اس واقعے کا نوٹس لے لیا گیا اور کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مزید خبریں :