26 اگست ، 2021
طالبان کی جانب سے کابل کا کنٹرول حاصل کیے جانے کے بعد جہاں بڑی تعداد میں افغان شہری دوسرے ملک جا رہے ہیں وہیں ہزاروں کی تعداد میں لوگ پاکستان آنے کے بھی خواہشمند ہیں۔
افغان صحافی نتیق ملک زادا کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ہزاروں افراد کو پاکستان سے ملحق افغان سرحد اسپن بولدک میں انتظار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
نتیق نے ویڈیو کے کیپشن میں بتایا کہ یہ کابل ائیرپورٹ نہیں بلکہ اسپن بولدک کی سرحد ہے جہاں ہزاروں افغانی اِس آس میں بیٹھے ہیں کہ کسی طرح افغانستان سے نکل کر پاکستان جا سکیں۔
صحافی کا مزید کہنا تھا کہ اسپن بولدک کی سرحد کی صورتحال کابل ائیرپورٹ سے بھی زیادہ خراب ہے اور یہاں کوئی بین الاقوامی فوج بھی موجود نہیں ہے۔
خیال رہے کہ 15 اگست کو طالبان نے افغانستان پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا تھا جس کے بعد افغان شہریوں کی بڑی تعداد ملک چھوڑ کر کسی دوسرے ملک پناہ لینے کی خواہشمند ہے۔