30 اگست ، 2021
کراچی میں ڈھائی ماہ قبل کار سوار کو قتل کرنے والے دو ملزمان گرفتار کرلیےگئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی)کی مشترکا کارروائی میں ملزمان اجمل پاپڑی اور حفیظ کو حراست میں لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے اعلامیےکے مطابق 16 جون کو کار سوار کے قتل میں ملوث ملزم مقتول کے والد کا پراپرٹی کےکاروبار میں پارٹنر ہے۔
انچارج سی ڈی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق مقتول نے کچھ عرصہ قبل ہی اپنے والد کے کاروبار میں شمولیت اختیار کی تھی، مقتول کو انکشاف ہوا تھا کہ اس کے والد کے ساتھ ان کے پارٹنر راؤ اقبال نے فراڈ کیا ہے، جس پر راؤ اقبال نے ساتھی حفیظ کے ساتھ قتل کا منصوبہ تیار کیا۔
حفیظ نے راؤ اقبال کی اجمل پاپڑی اور حمزہ سے ملاقات کروائی، قتل کی واردات الفلاح تھانے کے علاقے میں ہوئی،ملزمان واردات کے بعد خانیوال فرار ہوگئے تھے۔
ملزم اجمل پاپڑی نے ثبوت مٹانے کی غرض سے ساتھی حمزہ کو خانیوال میں قتل کردیا تھا جب کہ مرکزی ملزم راؤ اقبال تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔