15 فروری ، 2012
بخارسٹ … رومانیہ میں شدید برفباری سے پورے کے پورے علاقے برف سے ڈھک گئے اور لوگوں کو اپنے مکانات تلاش کرنے کے لیے کئی کئی فٹ برف ہٹانی پڑ رہی ہے۔یورپ میں شدید سردی سے متاثر ہونے والے ملکوں میں رومانیہ سر فہرست ہے جہاں ان دنوں شدید برفباری ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں مکانات کئی فٹ گہری برف میں دب گئے ہیں۔امدادی ٹیمیں ان مکانات میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔ دارالحکومت بخارسٹ سے سو کلو میٹر دور واقع کاؤنٹی بزاؤ میں تو اتنی برف پڑی کہ مکانات نظر ہی نہیں آرہے،ایک شخص کو برف میں چھپا اپنا مکان تلاش کرنے کے لیے کئی گھنٹے تک برف ہٹانی پڑی جس کے بعد برف سے ڈھکا مکان نظر آیا۔ان علاقوں میں درجہ حرارت منفی چالیس رکارڈ کیا جارہا ہے۔رومانیہ میں سردی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 74 ہوگئی ہے۔