03 ستمبر ، 2021
امریکا کے مکمل انخلا کے بعد 31 اگست سے بند افغانستان کا فضائی آپریشن آج بروز جمعہ سے بحال ہونے کی توقع ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں قطر ائیر فورس کا طیارہ اور ٹیکنیکل ٹیم گزشتہ 2 روز سے کابل میں موجود ہے جبکہ قطر ائیر فورس کی ایک اور خصوصی پرواز گز شتہ شام افغان دارالحکومت کابل پہنچی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ قطر سے مزید ماہرین کو کابل چھوڑ کر یہ پرواز واپس چلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قطر اور ترکی کے ایوی ایشن ماہرین کابل ائیرپورٹ کے فضائی ٹریفک کنٹرول سروس کو بحال کر نے میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
خیال رہےکہ امریکا کی جانب سے افغانستان سے انخلا کا آپریشن مکمل کرنے کے اعلان تک ایک لاکھ 23 ہزار افراد کابل ائیرپورٹ سے بیرون ملک روانہ ہو چکے ہیں جن میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد سمیت افغان شہری بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل ترکی کی جانب سے بھی کابل ائیرپورٹ کا انتظام سنبھالنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی تھی اور اس معاملے پر طالبان اور ترک حکام کے درمیان مذاکرات بھی ہو چکے ہیں۔