18 ستمبر ، 2021
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز شام سے پاکستان واپس پہنچ گئی۔
پی آئی اے کی خصوصی پروازیں اربعین کے سلسلے میں نجف، بغداد اور دمشق روانہ ہورہی ہیں۔ پی آئی اے کا طیارہ 322 زائرین کو لے کر 27 سال بعد شام کی سر زمین پر اترا۔ قومی ائیرلائن کے طیارے کو دمشق ائیرپورٹ پر واٹر گن سلامی دی گئی۔
خصوصی ابتدائی پرواز پر وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک بھی موجود تھے۔
ائیرپورٹ پر وزیر ہوابازی و سی ای او پی آئی اے کی شامی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان کے شام میں سفیر اور پاکستان میں شام کے سفیر بھی موجود تھے۔
شامی وزیر ٹرانسپورٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پی آئی اے اپنی خصوصی پروازوں کو ریگولر شیڈول پروازیں بنائے۔
پاکستانی وفد ایک قافلے کی صورت میں حضرت بی بی زینبؓ کے مزار پر حاضری دینے بھی گیا۔ مزار پر شامی وزیر اوقاف نے وفد اور پی آئی اے کے عملے کا استقبال کیا، وفد نے بی بی زینبؓ کے روضے پر فاتحہ خوانی کی اور مسجد میں نوافل ادا کیے۔
بعد ازاں وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور سی ای او پی آئی اے اسی پرواز کے ساتھ وطن واپس پہنچے۔