05 اکتوبر ، 2021
وفاقی کابینہ نے آئندہ انتخابات نئی مردم شماری کے تحت کرانے کا فیصلہ کرلیا، مردم شماری کے طریقہ کار میں شامل بعض تجاویز پر ایم کیو ایم نے مخالفت کردی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایم کیو ایم ارکان نے مجموعی طور پر مردم شماری کی سفارشات کے حق میں ووٹ دیا البتہ ارکان نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کیلئے ڈی فیکٹو طریقہ کار اپنایا جائے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مردم شماری کی منظوری دےدی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مردم شماری کی تجویز جلد مشترکہ مفادات کونسل کوبھیجی جائے گی۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو گا کہ مردم شماری پانچ سال کے وقفے سے ہو گی۔
علاوہ زیں وزیراعظم عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) آرڈیننس کے ترمیمی مسودے کی منظوری بھی دے دی۔
چیئرمین نیب سے متعلق شہباز شریف سے مشاورت نہیں کریں گے، فواد چوہدری
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم شہباز شریف سے چیئرمین نیب کے متعلق مشاورت نہیں کریں گے، جو قانونی سقم ہے اس کو دور کرنے کے لیے آرڈیننس کل لے کر آئیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی صفوں میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کا کوئی بندہ بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں گیس اور تیل کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے جس کا اثر پاکستان میں بھی پڑا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب سے متعلق آرڈیننس مکمل ہوگیا ہے۔
انہوں نے چیئرمین نیب پر مشاورت کیلئے اپوزیشن کو ایک بار پھراپنا لیڈر تبدیل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ شہبازشریف سے چیئرمین نیب کے متعلق مشاورت نہیں کریں گے، جو قانونی سقم ہے اس کو دور کرنے کے لیے آرڈیننس کل لے کر آئیں گے۔
ایک سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ تین سال میں ایک کروڑسے زائد ملازمتیں دے چکے ہیں۔