پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2021

سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ

سندھ کے مختلف شہروں میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات کم نہ ہوسکے ،گزشتہ 2 ماہ کے دوران حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، لاڑکانہ، میرپور خاص میں کتوں کے کاٹنے کے سیکڑوں واقعات ہوئے۔ 

رپورٹس کے مطابق نواب شاہ میں سب سے زیادہ 1200 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

لیاقت یونیورسٹی اسپتال انتظامیہ کے مطابق حیدرآباد کے علاقوں لطیف آباد  اور قاسم آباد میں کتے کےکاٹنے سے روزانہ اوسطاً 10 افراد اسپتال پہنچ رہے ہیں جبکہ ستمبر میں 321 اور اکتوبر میں اب تک 220 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اسی طرح نواب شاہ میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران 12 سو سے زائد افراد کو کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا۔

اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ( اے ایم ایس) ڈاکٹر معظم بھٹی کا کہنا ہے کہ کتے کےکاٹنے کے روزانہ 40 سے زائد زخمی اسپتال لائے جارہے ہیں۔

اس کے علاوہ لاڑکانہ اور ضلع قمبر شہداد کوٹ میں ایک ماہ کے دوران 160 افراد کتوں کا شکار بنے جبکہ کتوں کے حملوں میں سب سے زیادہ بچے متاثر ہوئے۔

اینٹی ریبیز سینٹر کے انچارج ڈاکٹر وکاش کا کہناہےکہ اینٹی ریبیز سینٹر میں ویکسین کی دستیابی تسلی بخش ہے۔

رپورٹس کے مطابق گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران سکھر میں 12 بچے زخمی ہوئے جبکہ میرپور خاص میں ایک ماہ میں اوسطاً 30 افراد کتوں کےحملوں میں زخمی ہوئے۔

مزید خبریں :