30 اکتوبر ، 2021
افغانستان کے خلاف پاکستان کو شاندار فتح سے ہمکنار کروانے والے قومی ہیرو آصف علی کی پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے قوم کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک خصوصی پیغام بھی جاری کیا ہے۔
آصف علی نے گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان کے خلاف 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگا کر پاکستان کو ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح سے ہمکنار کروایا اور میچ کے بہتری کھلاڑی قرار پائے۔
آصف علی کی نیوزی لینڈ کے بعد افغانستان کے خلاف شاندار بیٹنگ پر ان کے خلاف ناقد بھی اب انہیں داد دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے پاور ہٹر پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کھیلتے ہیں اور افغانستان کے خلاف میچ میں فتح کے بعد آصف علی کی فرنچائز نے بھی ناقدین کے لیے ایک پیغام سوشل میڈیا پر جاری کیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’آصف علی سے معذرت کے فارم دستیاب ہیں‘۔
افغانستان کے خلاف 5 وکٹوں سے فتح کے بعد پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے گروپ میں ٹاپ پر آ گیا ہے اور پاکستان کو سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرنے کے لیے مزید ایک فتح درکار ہے۔