01 نومبر ، 2021
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے طیارے نے دو روز قبل اٹلی کے شہر روم پہنچنے کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی اجازت سے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم کے طیارے نے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے کے لیے اجازت حاصل کی تھی۔
بھارتی وزیراعظم کے طیارے انڈیا -1 کے لیے حکومت پاکستان نے 29 اکتوبر کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا طیارہ رات ایک سے 2 بجے کے درمیان پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر نئی دلی سے اٹلی کے شہر روم پہنچا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی ایک بھارتی طیارے نے سری نگر سے شارجہ کیلئے اڑان بھری تھی اور بھارتی نجی فضائی کمپنی کا طیارہ پاکستانی حدود استعمال کرتے ہوئے سری نگر سے شارجہ گیا تھا۔
بھارتی طیارے ائیر بس 320 نے دوران پرواز پاکستان کی فضائی حدود کو بھی استعمال کیا، مسافر بردار طیارہ لاہور ریجن سے گزرتا ہوا شارجہ گیا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق بھارتی درخواست پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔