Time 02 نومبر ، 2021
پاکستان

'مریخ سے ٹاؤن پلانرز بُلوالیں، وہ بھی ہمارے شہروں کا حال دیکھ کر بھاگ جائینگے'

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار  احمد نےکمشنر فیصل آباد پر اظہار برہمی کرتے ہوئےکہا ہےکہ آپ مریخ سے ٹاؤن پلانرز بُلوالیں ، وہ بھی ہمارے شہروں کا حال دیکھ کر بھاگ جائیں گے۔

سپریم کورٹ میں فیصل آباد میں تجاوزات کےخلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نےکی۔

 چیف جسٹس گلزار احمد نے کمشنر فیصل آباد پربرہمی کااظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیےکہ کمشنر صاحب آپ تو ماسٹر پلان تک نہیں جمع کرا سکے،آپ کو کچھ معلوم ہی نہیں، ساری زندگی ٹائم ہی لیتے رہے ہیں، ایک نقشہ تک تو بنا نہیں سکے، اب تو گوگل سے ایک منٹ میں سب مل جاتا ہے۔

 چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ڈرون تصاویر سے ایک ایک مکان کا پتہ چل جاتا ہے،کیا نجی کنسلٹنٹ پر تکیہ کیے بیٹھے ہیں؟حالت یہ ہےکہ اب ہم گٹر بھی نہیں بنا سکتے، وہ بھی جاپانی کمپنی بنا کردے گی، پتہ نہیں ملک کو کس جگہ پہنچا دیا گیا ہے، ہمارے ٹاؤن پلانر ملک چھوڑ کر ٹورنٹو اور یورپ جا چکے،جس کا جیسے دل کرتا ہے ویسے تعمیرات کر رہا ہے۔

 عدالت نےکمشنرفیصل آباد سے پارکس اورپلے گراونڈز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئےکیس کی سماعت ایک ماہ تک کے لیے ملتوی کردی، عدالت نے واگزار کرائے گئے سرکاری پارکس میں شجرکاری کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا، عدالت عظمیٰ نے این ایچ اے کو نیشنل ہائی ویز پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

مزید خبریں :