05 نومبر ، 2021
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 68 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کے مطابق ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے بجلی منہگی نہیں ہو گی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ 200 سے زائد یونٹ کےاستعمال پرگھریلوصارفین کیلئے بجلی ایک روپے 68 پیسے مہنگی ہوگی جبکہ کمرشل، صنعتوں اور باقی شعبوں کیلئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپیہ 39 پیسے اضافہ ہوگا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ بنیادی ٹیرف میں کیا گیا ہے اور اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کیلئے ہو گا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر 2021 سے ہوگا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے سے حکومت کو سالانہ 135ارب روپے حاصل ہوں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزارت خزانہ نے رات گئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور مہنگائی کی ستائی عوام پر پیٹرول بم گرادیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 145روپے 82پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
اُدھر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ بھارت میں پیٹرول 250 روپے اور خطے میں سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تین ماہ تیل کی قیمت 45 ڈالر سے 85 ڈالر کا ہوگیا ہے لیکن اس کے باوجود جو ملک پیٹرول امپورٹ کرتے ہیں ان میں سب سے سستا پیٹرول پاکستان میں ہے، یہ ہم نے اپنے ٹیکسز اور لیویز کم کر کے کیا، بھارت میں پیٹرول اب بھی 250 روپے لیٹر ہے۔