06 نومبر ، 2021
اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کو گھر بھیجنے تک مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
13 نومبر کو کراچی، 17 نومبر کو کوئٹہ اور 20 نومبر کو پشاور کی سڑکوں پر نکلیں گے، آخری ریلی لاہور میں ہوگی جس کے بعد اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کیا جائے گا۔
پی ڈی ایم نے فیصلہ سنادیا اور کہا کہ اب یہ تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ہی ختم ہو گی ، یہ عمران خان سے نجات کی تحریک ہے ۔
اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم رہنماؤں کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں ملکی صورتحال اور ملک میں بڑھتی مہنگائی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اجلاس میں پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر بھی غورہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کےخلاف صوبوں میں مارچ کا فیصلہ کرلیا جبکہ مہنگائی مارچ کا اختتام لانگ مارچ پر کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں 13 نومبر کو کراچی، 17 نومبر کو کوئٹہ اور 20 نومبر کو پشاور میں مہنگائی مارچ کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے نیب ترمیمی آرڈیننس اورالیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کردیا۔
پی ڈی ایم کے مطابق انتخابی اصلاحات بلز روکنے کیلئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مکمل حاضری یقینی بنائی جائے گی اور انتخابی اصلاحات بلز روکنے کیلئے پیپلزپارٹی کے ساتھ بھی حکمت عملی بنانے کی مشاورت ہوگی۔