Time 12 نومبر ، 2021
پاکستان

پی پی اور پی ڈی ایم قریب آنے لگے، بلاول کی فضل الرحمان سے ملاقات

چیئرمین پاکستان پیپلز  پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف پارلیمنٹ میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی خیریت دریافت کی اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا۔

مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آپ بزرگ سیاست دان ہیں، تین نسلوں سے ہمارا رشتہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور احتساب کے حوالے سے قوانین پر پارلیمان میں مشترکہ لائحہ عمل مزید کامیابیوں کا سبب بن سکتا ہے، پارلیمان کے ذریعے ہی حکومت کی پالیسیوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی پارلیمان میں حالیہ شکستیں اپوزیشن کی بڑی کامیابیاں ہیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا آج ایسی کوئی بات نہیں ہوئی، جب موقع  آئے گا تو بات کریں گے، پارلیمنٹ سے باہر اتحاد کے بارے میں کہا کہ وہ تنہا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن نے جمہوری روایات سے حکومت کو نقصان پہنچایا، ہماری کوشش ہے کہ جمہوری انداز سے کام کیاجائے اور کامیابی حاصل کی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم پارلیمان میں ملکر کام کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان سے تعلق ہے جو رہے گا، سیاست تو چلتی رہے گی اور ہمارا تعلق بھی ضرور رہے گا۔

مزید خبریں :