15 نومبر ، 2021
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف اور مریم نواز کی اپیلوں سے متعلق گلگت بلتستان کورٹ کے سابق جج کے انکشافات کا نوٹس لے لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایک کیس کی سماعت کےدوران اس معاملے کا نوٹس لیا اور گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کو کل صبح ساڑھے 10 بجے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے دی نیوز کے ایڈیٹر انچیف، ایڈیٹر اور صحافی انصارعباسی کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
ذرائع کا کہناہےکہ اس معاملے میں ہائیکورٹ کے جج کا نام آنے کے بعد عدالت نے نوٹس لیا۔
اسلام آبادہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان کے انکشافات پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق رجسٹرارآفس نے دی نیوز میں چھپنے والی خبرکی طرف توجہ دلائی، دی نیوزمیں شائع خبر زیر التوا کیس سے متعلق ہے، عدالت سے باہرکسی قسم کا ٹرائل عدالتی کارروائی پراثرانداز ہونے کے مترادف ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دی نیوزمیں شائع خبربادی النظرمیں زیرسماعت مقدمے پر اثراندازہونےکی کوشش ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق سابق چیف جج گلگت بلتستان رانامحمد شمیم، ایڈیٹر انچیف دی نیوز، ایڈیٹر دی نیوز اور ایڈیٹرانویسٹی گیشن انصارعباسی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
اس کے علاوہ عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل کو بھی کل ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین پیش ہوکربتائیں کیوں نہ آپ کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ کل صبح ساڑھے 10 بجے کیس کی سماعت کریں گے۔